نئی دہلی، 15/جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کے سابق کپتان محمد اظہر الدین اب حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے عہدے کے لیے الیکشن نہیں لڑ سکیں گے، ان کی نامزدگی کو نامنظورکر دیا گیا ہے۔فی الحال اس فیصلے پر اظہر قانونی کارروائی کرنے کی تیاری میں ہیں اور وہ اس فیصلے سے بے حد دکھی ہیں۔پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد اظہر نے کہا تھا کہ وہ حیدرآباد کرکٹ کی حالت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ٹیم رنجی کے سیمی فائنل میں بھی نہیں پہنچ سکی، وہیں اہم کھلاڑی ٹیم چھوڑ کر جا رہے ہیں۔اظہرالدین نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن میں میں اقربا پروری اور بدعنوانی زوروں پر ہے،ان کے مطابق انڈر- 14کرکٹ میں ہر میچ میں 6نئے کھلاڑی شامل کر لئے جاتے ہیں۔واضح ہرے کہ ہندوستان کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے 99ٹیسٹ میچوں میں 22سنچری کے ساتھ 6ہزار سے زیادہ رن اور 334ون ڈے میں 7سنچریوں کے ساتھ 9ہزار سے زیادہ رن بنائے تھے، لیکن 2000میں میچ فکسنگ کے الزام کے تحت بی سی سی آئی نے ان پر تاحیات پابندی عائد کردی تھی، حالانکہ 8/نومبر 2012کو آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے ثبوتوں کی عدم موجودگی میں اظہر الدین سے تاحیات پابندی کو ختم کردیا تھا۔اپنی نامزدگی کے منسوخ ہونے کے بعد محمد اظہر الدین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ پورا عمل ہی مجھے دھوکہ دہی سے بھرا ہوامعلوم ہوتا ہے۔انہوں نے انتخابات میں مسلسل تاخیر کی، انہوں نے مجھ سے جو بھی سوال پوچھا، میں نے ان کا جواب دیا، انہوں نے بی سی سی آئی کے بارے میں پوچھا، تو میں نے انہیں کورٹ کا فیصلہ دکھایا،لیکن ان سب کے باوجود میری نامزدگی منسوخ کر دی گئی جس سے میں بہت رنجیدہ ہوں۔اظہر الدین نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ میڈیا کے کچھ لوگ ہمیشہ بی سی سی آئی اور تاحیات پابندی کی بات سامنے لے آتے ہیں، ان کے مطابق یہ معاملہ اب ختم ہو چکا ہے۔